بیٹن آف فیلڈ مارشل دینے کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی‘نواز شریف‘اسحاق ڈار‘بلاول بھٹو‘سفارتکار وں اور فوجی افسروں کی شرکت
ملکی خود مختاری اور سلامتی کیلئے فیلڈ مارشل کا کردار اہم ہے:شہبازشریف‘ عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا اعزاز دینا قابل فخر لمحہ ہے:آصف زرداری
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سید عاصم منیر کو ’’بیٹن آف فیلڈ مارشل‘‘ کا اعزاز عطا کردیا۔آمی چیف عاصم منیر کو بیٹن آف فیلڈ مارشل دینے کی تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی، جس میں غیر ملکی سفارت کاروں، سول اور عسکری حکام نے شرکت کی‘، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، سابق وزیراعظم نواز شریف، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شرکت کی۔وفاقی کابینہ کے ارکان، سروسز چیفس، صوبائی گورنرز اور ارکان پارلیمنٹ کی بڑی تعدادبھی شریک ہوئیوزیراعظم شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے ہیروز کی خدمات کے معترف ہیں، آج ایک تاریخی اور قابل فخر دن ہے، عسکری قیادت نے دشمن کے خلاف تاریخی فتح حاصل کی، بھرپور اور مؤثر جواب سے دشمن گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوا۔پاک افواج نے دشمن کا غرور خاک میں ملادیا، کشیدگی کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر کا جذبہ مثالی تھا، وطن کے لیے فیلڈ مارشل کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ملکی خود مختاری اور سلامتی کے لیے فیلڈ مارشل کا کردار اہم ہے۔ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قائدانہ کردار ادا کیا، قوم کے بہادر سپوت فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نئی تاریخ رقم کی۔صدر آصف علی زرداری نے اپنے خطاب میں کہا پوری قوم کو اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے، سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا اعزاز دینا قابل فخر لمحہ ہے، فیلڈ مارشل کا اعزاز دینے کی منظوری پر مجھے بہت مسرت ہوئی۔ معرکہ حق کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فرنٹ سے لیڈ کیا، دشمن کے خلاف پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ تھی، ہمارے بھرپور جواب نے دنیا پر ہماری صلاحیت ثابت کردی، پاکستان امن کا داعی ہے لیکن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔