ملکی پائیدار ترقی کیلئے صحیح ترجیحات کا تعین عالمی بینک کیلئے دوسرے ممالک میں پارٹنرشپ فریم ورک کیلئے قابل تقلید مثال بن گیا ہے
پاکستان اور عالمی بینک کے مابین کنٹری پارٹنر شپ کے مثبت نتائج کیلئے تعاون جاری رکھنے کے خواہاں ہیں:مینیجنگ ڈائریکٹر کی ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)عالمی بینک نے پاکستان کی معاشی شعبے میں حالیہ کارکرگی اور استحکام کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا ہے پاکستان نے وزیراعظم کی قیادت میں مثبت اقدامات کر کے معاشی استحکام کو ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے عالمی بینک کے وفد کی مینجنگ ڈائیریکٹر آپریشنز اینا بیئرڈہ کی قیادت میں ملاقات ہوئی۔وزیرِ اعظم نے وفد کا پاکستان میں خیر مقدم کیا اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بینک نے پاکستان کی ترقی میں بطور ایک اہم شراکت دار کلیدی کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کی جانب سے کنٹری پارٹرنرشپ کی بدولت پاکستان میں 20 ارب ڈالر سے زائد کی ترقیاتی سرمایہ کاری ہوگی جس کیلئے عالمی بینک کے شکر گزار ہیں۔
عالمی بینک کی مینجنگ ڈائیریکٹر نے پاکستان کی جانب سے مہمان نوازی پر وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک پاکستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے حکومت اور ورلڈ بینک گروپ کے مابین تاریخی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔اْن کا کہنا تھا کہ پاکستان اور عالمی بینک کے مابین شراکت داری کی مضبوطی اور کنٹری پارٹنرشپ پروگرام کیلئے مؤثر کردار ادا کرنے پر وزیرِ اعظم کے خصوصی شکر گزار ہیں، پاکستان کی معاشی شعبے میں حالیہ کارکرگی اور استحکام مثالی ہے۔مینیجنگ ڈائریکٹر نے کہا پاکستان نے میکرو اکنامک استحکام کیلئے مثبت اقدامات سے ناممکن کو ممکن کر دکھایا، پاکستان اور عالمی بینک کے مابین کنٹری پارٹنر شپ کے مثبت نتائج کیلئے تعاون جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔مینیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ وزیرِ اعظم کی قیادت و پاکستانی عوام کی ترقی کیلئے عزم، دیرپا و پائیدار ترقی کیلئے پالیسیوں کے تسلسل بالخصوص سیاسی سطح پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا اور ملکی پائیدار ترقی کیلئے صحیح ترجیحات کا تعین عالمی بینک کیلئے دوسرے ممالک میں پارٹنرشپ فریم ورک کیلئے قابل تقلید مثال بن گیا ہے۔