دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے بڑے فیصلہ لیں گے، افغان حکومت سے بات کریں گے ،لوگوں کی جانوں کا نقصان نہیں کریں گے،وفاقی وزیر
جادو کی چھڑی کسی کے پاس نہیں ،چینی کے ذخیرہ اندوزوں کے گریبان پکڑیں گے، بانی پی ٹی آئی نے جو کچھ کیا وہ پہلے بھگتیں ، پریس کانفرنس
اسلام آباد (آئی این پی ) وفاقی وزیر برائے پبلک افیئرزرانا مبشر نے کہا کہ ہم خود مختار ملک ہیں اپنے فیصلہ خود کرتے ہیں، شہبازشریف نے ناممکن کو ممکن بنایا جب آئے تو ملک ڈیفالٹ کرگیا تھا، کسی کے ساتھ مراسم نہیں رہ گئے تھے، محنت کرکے خارجہ پالیسی کو بہترین کیا ہے۔گذشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا مبشر نے کہا کہ جو کچھ صوبوں کے ساتھ رویہ ہوا نو مئی واقعہ کرکے ملک کو پیچھے کیا جو بھارت نے نہیں کیا وہ پی ٹی آئی نے کیا، پی ٹی آئی نے جی ایچ کیو پر حملہ کیا، چھائونیوں میں جلائو گھیرائو کیا آج تک کبھی ایسا نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی 38 سے ایک اعشاریہ چھ تک پہنچ گئی ہے ،ادارے بہتر ہو گئے ہیں،ڈیڑھ سال کے دوران اڑان پاکستان پورے ایشیا میں اعلان کرے گا۔ رانا مبشر نے کہا کہ ہم ملک کواندھیروں سے اجالوں میں لائے ،ایٹمی طاقت تو بن گئے ہیں لیکن اب معیشت کو بہتر کررہے ہیں ، کوئی کرپشن کا سکینڈل سامنے نہیں آیا، رمضان پیکج چالیس لاکھ لوگوں کو دے رہے ہیں ،پہلے لوگ یوٹیلٹی سٹورز پر دھکے کھاتے رہے، لوگوں کو گھروں میں پیسے پہنچا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک صوبہ پی ٹی آئی کو دیا ہوا ہے اب بھی ادھر حکومت ہے کے پی کو ڈیفالٹ کردیا ہے، علی امین گنڈا پور صرف بڑھکیں مار رہا ہے ،یہ اناڑی ہے پہلے ان کے لیڈر اب یہ لوگ کے پی کے عوام کے ساتھ ظلم کررہے ہیں، مریم نواز کا علی امین گنڈا پور کے ترقیاتی کاموں کا موازنہ کرلیں۔ رانا مبشر نے کہا کہ عوام کو سہولت دینا ہوگی ، شہبازشریف کی ٹیم دن رات محنت کررہی ہے، گرین پاسپورٹ کی عزت کروائیں گے۔رانا مبشر نے کہا کہ سولرائزیشن سے عوام کو فائدہ ہوگا، پبلک افیئر یونٹ سب کو نظر آ گیا ہے، مسائل حل کریں گے، بلوچستان اور کی پی سمیت ہر صوبہ میں دفتر کھولیں گے ،یہی ایجنڈا ہر صوبہ میں ہوگا، پہلے بھی بڑے فیصلے لیے اب بھی دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے بڑے فیصلہ لیں گے، افغانستان کی سرزمین سے پاکستان پر حملہ ہورہے۔رانا مبشر نے کہا کہ بانی نے دہشت گرد تنظیموں کو قبائلی علاقوں میں رہنے کی دعوت دی جو عوام دشمنی فیصلہ تھا، دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے افغان حکومت سے بات کریں گے لوگوں کی جانوں کا نقصان نہیں کریں گے، دہشت گردی کا قلع قمع کریں گے، سپہ سالار بھی دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کے لیے کوششیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جادو کی چھڑی کسی کے پاس نہیں ہے لیکن ملک میں چینی کی قیمت بھی کنٹرول میں ہے، روٹی کی قیمت بھی پہلے کے مقابلے میں کم ہوئی ہے، چینی کے ذخیرہ اندوزوں کے گریبان پکڑیں گے۔ رانا مبشر نے مزید کہا کہ دہشتگرد کو پکڑا ہے اداروں کی نیک نامی ہے کہ امریکہ تعریف کررہا ہے، ہم خود مختار ملک ہیں اپنے فیصلہ خود کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے جو کچھ کیا وہ پہلے بھگتیں ہم انتقام تو نہیں لے رہے، حکومت سے کہہ کر کسی حریف کو گرفتار نہیں کروایا لیکن بانی نے کسی کو معاف نہیں کیا۔