ظفر مسعود نیشنل بینک کے نئے صدر/سی ای او کے مضبوط امیدوار،پینل میں عمران ، حسن رضا شامل
لاہور(آن لائن) وفاقی حکومت نے دو بڑے سرکاری بینکوں کی قیادت میں تبدیلی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بینک آف پنجاب کے موجودہ صدر/سی ای او ظفر مسعود کو نیشنل بینک آف پاکستان کا نیا صدر/سی ای او تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع نے بتایا کہ نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر/سی ای او کے عہدے کے لیے تین ناموں پر مشتمل سمری منظوری کے لیے سرکولیشن میں بھیج دی گئی ہے۔ اس پینل میں پہلے نمبر پر ظفر مسعود کا نام شامل ہے جبکہ دوسرے نمبر پر یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کے گروپ ایگزیکٹو برائے رسک اینڈ کریڈٹ پالیسی اور گروپ چیف رسک آفیسر عمران سرور اور تیسرے نمبر پر بینک آف خیبر کے مینجنگ ڈائریکٹر اینڈ سی ای او حسن رضا کا نام درج ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ظفر مسعود کو 16 اپریل 2026 سے بینک آف پنجاب کے صدر/سی ای او کے طور پر ان کی مدت میں ایک سال کی توسیع دی گئی تھی۔دوسری جانب نیشنل بینک آف پاکستان کے موجودہ صدر/سی ای او رحمت علی حسنی کی 3 سالہ مدت 7 اگست 2026 کو مکمل ہو گئی ہے