ہماری جنگ جاری ہے‘ ہر صورت بانی کو رہا کرائیں گے، ملاقات میں احتجاجی تحریک اور بجٹ کے معاملے پر بات ہوئی ‘لیڈر کی ہدایات پر عمل کروں گا
آئندہ میری ملاقات نہیں کرائی گئی تو ہم آئی ایم ایف سے شرائط کے معاملات میں حکومت کے ساتھ ہرگز نہیں بیٹھیں گے: ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو
راولپنڈی(آئی این پی)وزیراعلی کے پی علی امین گنڈاپور نے کہا ہے اگر مذاکرات کرنے ہیں تو بانی پی ٹی آئی تیار ہیں، ہماری جنگ جاری ہے ہم ہر صورت میں اپنے بانی کو رہا کرائیں گے، بانی پی ٹی آئی نے احتجاجی تحریک کے لیے مجھے دوبارہ ذمہ داری دے دی ہے۔یہ بات انہوں نے عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وزیراعلی کے پی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مجھے دو ماہ کے بعد ملاقات کرنے کا موقع دیا گیا ہے حالانکہ کورٹ کا آرڈر موجود ہے، عمران خان سے احتجاجی تحریک اور بجٹ کے معاملے پر بات ہوئی میں نے خیبرپختونخوا کے بجٹ کے معاملے میں عمران خان کو بریف کیا، میرا لیڈر مجھے ہدایات دے گا تو میں آگے عمل درآمد کراوں گا جبکہ بجٹ بھی آرہا ہے اگر یہ میری ملاقات نہیں کراتے تو ہم آئی ایم ایف سے شرائط کے معاملات میں حکومت کے ساتھ ہرگز نہیں بیٹھیں گے، یہ واحد صوبہ ہے جس نے آئی ایم ایف کے تمام اہداف پورے کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بتائے گئے لوگوں سے ملاقات ہونی چاہیے، ہماری تحریک جاری رہے گی، عمران خان نے کہا ہے کہ اندھیرا جب زیادہ ہوتا ہے تو اس کا مطلب ہے سویرا ہونے والا ہے، ڈنڈے کے زور پر ریاست نہیں چلاسکتے، اگر پاکستان کی سوچ نہیں ہے تو ہمارے لیڈر اور ہمیں پاکستان کی سوچ ہے، ہم جلد خان کو رہا کرائیں گے،ملک میں آئین کی بالادستی ہونی چاہیے، ہمارا مینڈیٹ چوری ہوا اس کی واپسی ہماری نہیں ملک کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق تقاضے پورے کیے جائیں جس کا جو کام ہے وہ اپنا کام کرے، عمران خان جب کوئی بات کہہ دیں تو وہی بیان پارٹی کا اور ہمارا بیان ہے ہم اس بیان کی تصدیق کرتے ہیں اور اسی پر عمل کرنے کے پابند ہیں، عدالت میں لگے ہمارے کیسز سنے جائیں، عمران خان پر بنائے گئے مقدمات جھوٹے ہیں انہیں سنا جائے کیسز عدالتوں میں لگائے جائیں اور عمران خان کو بری کیا جائے