لاہور ( کرائم رپورٹر)رائے ونڈ میں عالمی تبلیغی اجتماع میں شرکا کی تعداد 3لاکھ سے تجاوز کرگئی، گزشتہ روز نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے ہزاروں لوگ پنڈال پہنچے ،نماز جمعہ کی ادائیگی سے دو گھنٹے قبل وضو گاہوں پر شدید رش رہا،نماز جمعہ میں امت مسلمہ کے لئے خصوصی دعا مانگی گئی،بعدازاں بیانات کا سلسلہ جاری رہا،بلوچستان اور ملتان سے آنے والے ہزاروں افراد نے اپنی زندگیاں دعوت وتبلیغ کیلئے وقف کرنے کا اعلان کیا ،اجتماع گاہ کے ارد گرد سینکڑوں حفاظ کرام سور ٓ یسٰین کی تلاوت کرتے رہے۔اجتما ع کے باوجود ٹوٹی سڑکوں کی مرمت کا کام نہ ہوسکا جس کی وجہ سیٹریفک کا نظام متاثر اور زائرین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔مولانا ربیع الحق آف بنگلہ دیش، مولانا عبدالرحمن،مولانا محمد اسماعیل گودرہ،مولانا زبیر الحسن نظام الدین آف انڈیا،مولانا احمد لاٹ آف انڈیا،مولانا محمد فاروق ودیگر نیاپنے خطبات میں کہا کہ دنیا آخرت کی کھیتی ہے یہاں جو کچھ بوئیں گے وہی آگے جاکر کاٹیں گے ،اپنی اولاد اورمال کو دین کیلئے وقف کریں ،اپنے گھروں میں اسلام نافذ کریں ، نماز کی پابندی کو معمول بنالیں ،اپنے ناراض رب کو منانے کیلئے رات کی تنہائیوں میں اٹھیں ،تہجد کا اہتمام کریں۔آج پوری دنیا میں جو افراتفری پھیلی ہوئی ہے،آفات،مصائب کے جو پہاڑ ٹوٹ رہے ہیں اس کا سبب صرف اور صرف دین محمدی سے دوری ہے ،صرف وہی انسان فلاح و نجات کا حقدار ہوگا جو اللہ کی خوشنودی اور آقائے کائنات کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہو گا،دنیا کی کامیابی کو مال سمجھنے والے بے وقوف ہیں ،اصل کامیابی اعمال میں ہے۔