کریک ڈائون تیز ،لاکھوں روپے واجبات والی سرکاری گاڑی سمیت تینوں مالکان نے جرمانے ادا کردیئے
لاہور(خصوصی رپورٹ)لاہور میں ای چالان نادہندہ گاڑیوں کیخلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئیں۔ ٹریفک پولیس نے بھاری جرمانوں کی حامل سرکاری گاڑی سمیت تین گاڑیوں کو مختلف مقامات سے تحویل میں لے لیا۔ انسپکٹر ظہیر نے کارروائی کرتے ایسی گاڑی کو روکا جس پر ایک لاکھ 34 ہزار کے ای چالان واجب الادا تھے۔ اسی طرح مال روڈ پر انسپکٹر اعظم نے ایسی سرکاری گاڑی کو تحویل میں لیاجس پر ایک لاکھ ایک ہزار کے ای چالان بقایا تھے۔ پٹرولنگ آفیسر عالم بٹ نے بھی ایسی گاڑی کو قبضے میں لیا جس پر ایک لاکھ 34 ہزار کے ای چالان واجب الادا تھے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ گاڑیاں بند ہونے کے خدشے پرتینوں مالکان نے فوری طور پر اپنے بقایا جرمانے جمع کرا دیئے۔ ٹریفک پولیس اور سیف سٹیز اتھارٹی نے ای چالان نادہندگان کیخلاف مزید مو?ثر کارروائیوں کیلئے خصوصی 16 ٹیمیں بھی تشکیل دیدی ہیں، جو شہر کے مختلف علاقوں میں سرگرم ہیں۔سی ٹی او لاہور عبدالرحیم شیرازی نے شہریوں کو ہدایت کی کہ گاڑیوں کی خرید و فروخت کے وقت ای چالان کی مکمل پڑتال ضرور کریں اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ جرمانوں اور قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔