انٹر امتحان، 7 امیدوار نقل کرتے پکڑے گئے

تعلیمی بورڈ کنٹرولر سکواڈ کے ریاضی اور بائیولوجی کے پرچوں کے دوران سرپرائز وزٹ ، موبائل برآمد
لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور بورڈ کے زیرِ اہتمام جاری انٹرمیڈیٹ پارٹ ون کے سالانہ امتحانات کے دوران کنٹرولر سکواڈ نے مختلف سینٹرز کے سرپرائز وزٹ کیے۔ ریاضی اور بائیولوجی کے پرچوں کے دوران امتحانی مراکز پر چھاپے مار کر 7 امیدواروں کو جدید آلات اور بوٹی کا استعمال کرتے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔ تمام امیدواروں کیخلاف یو ایم سی کیسز درج کر لیے گئے۔گورنمنٹ گریجوایٹ کالج فار بوائز رائیونڈمیں عدیل،گورنمنٹ بوائز ہائی سکول چوہنگ میں منیب الرحمن،گورنمنٹ شاہ حسین ڈگری کالج چوہنگ سے طیب کو نقل جبکہ ثمر عباس کو ممنوعہ سمارٹ واچ استعمال کرتے پکڑا گیا۔گورنمنٹ ہائی سکول نارنگ منڈی سے فیض النورکو نقل کرتے،گورنمنٹ کمپری ہنسو ہائر سیکنڈری سکول گوڑھے شاہ امتحانی مرکز میں امیدوار محمد سے ہینڈ فری ڈیوائس اور احمد علی شیخ سے موبائل برآمد کر کے ضبط کر لیا گیا۔اس موقع پر کنٹرولر امتحانات توصیف الرحمن کا کہنا تھا کہ امتحانی مراکز کے گرد و نواح میں دفعہ 144 نافذ ہے اور بوٹی مافیا کیخلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ امتحانات کی شفافیت اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور پوزیشن ہولڈرز و محنتی طلبہ کے حقوق کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔