آئندہ سال سے بائیو میٹرک حاضری متعارف کر انے کا فیصلہ ،لائیو تصاویر بھی لی جائیں گی
لاہور (خصوصی رپورٹ)لارنس روڈ امتحانی کلسٹر سنٹر سے ایک روز میں 9جعلی امیدوار پکڑے گئے۔ تفصیل کے مطابق لاہور تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام انٹرمیڈیٹ پارٹ ون کے دوسرے سالانہ امتحانات جاری ہیں۔ گزشتہ روز پارٹ ون انگریزی کے پرچے میں مجموعی طور پر9جعلی امیدوار پکڑے گئے۔ صبح کی شفٹ میں کنٹرولر امتحانات زاہد میاں نے دورہ کیا ، 4جعلی امیدوار پکڑلئے،عبداللہ کی جگہ علی حسن،نوید اشرف کی جگہ رضوان ،مبشر علی کی جگہ رحمت علی جبکہ محمد احمد کی جگہ محمد عثمان پیپر دیتا پکڑا گیا۔ دوسری شفٹ میں سیکرٹری لاہور بورڈ رضوان نذیر اور آر سی او پروفیسر اعجاز نے سنٹر کا دورہ کیا ،5جعلی امیدوار پکڑے ۔ بورڈ حکام کا کہنا ہے تمام جعلی امیدواروں کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دے دی۔ دوسری طرف لاہور بورڈ نے آئندہ سال میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے امتحان سے بائیو میٹرک حاضری متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا۔امتحانی سنٹر میں داخل ہونے سے قبل بچوں کی بائیو میٹرک کی جائے گی، اس اقدا م سے جعلی امیدوار امتحانی سنٹر میں داخل نہیں ہو سکے گا۔رواں سال امتحانات میں درجنوں جعلی امیدوار وں کے خلاف یو ایم سی بنائے گئے۔بائیو میٹرک کا آغاز میٹرک امتحان 2025 سے کئے جانے کا امکان ہے۔بورڈ حکام کے مطابق داخلے بھجواتے وقت بچوں کی انگلیوں کے نشانات اور لائیو تصاویر بھی لی جائیں گی۔