گلوکارہ سنندا شرما کو ہراساں کرنے پر معروف میوزک پروڈیوسر گرفتار

گلوکارہ سنندا شرما کو ہراساں کرنے پر معروف میوزک پروڈیوسر گرفتار

بھارت کی پنجاب پولیس نے معروف میوزک پروڈیوسر اور "میڈ فار میوزک" کمپنی کے مالک پنکی دھالیوال کو گلوکارہ سنندا شرما کے خلاف بدسلوکی اور مالی استحصال کے الزامات پر گرفتار کر لیا ہے۔

یہ کارروائی پنجاب اسٹیٹ کمیشن فار وومن کی چیئرپرسن راج لالی گل کے سوموٹو نوٹس جاری کرنے کے بعد کی گئی۔سنندا شرما، جو پنجابی موسیقی کی معروف گلوکارہ ہیں، نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے پنکی دھالیوال پر کئی سالوں تک اپنی ادائیگیوں کو روکنے اور ذہنی دباؤ ڈالنے کے الزامات عائد کیے تھے۔ سنندا نے بیان میں کہا کہ انہوں نے کبھی بھی کسی فرد یا ادارے کو اپنے پیشہ ورانہ معاملات میں مداخلت کرنے کی اجازت نہیں دی اور ان کے پاس کسی کمپنی کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ کسی غیر مجاز ڈیلنگ کے لیے ذمے دار نہیں ہوں گی اور جو بھی ان کے کام میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرے گا، اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

گلوکارہ نے پنجاب کے وزیراعلیٰ سے اپیل کی کہ وہ ان کی ترقی میں رکاوٹ بننے والے لالچی افراد کے خلاف کارروائی کریں۔ سنندا نے کہا، "میں ایک نوجوان فنکارہ ہوں جو پنجاب کا نام روشن کر رہی ہوں، لیکن کچھ لوگ میری ترقی میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔" انہوں نے مزید کہا کہ وہ انصاف اور تحفظ کی امید کرتی ہیں۔پنکی دھالیوال کی گرفتاری کے بعد بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر اس معاملے پر زبردست بحث چھڑ گئی ہے۔ بہت سے لوگ سنندا شرما کی حمایت کر رہے ہیں، جبکہ کچھ نے اس معاملے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ سچ سامنے آ سکے۔