متاثرہ تاجروں کو کل تک تمام ساز و سامان نکال کر قبضہ چھوڑنے کا حکم، اسسٹنٹ کمشنر
تاجروں کا آپریشن پرتحفظات کا اظہار، معاوضہ ادا نہیں کیاگیا، دکانیں خالی کرتے آبدیدہ ہو گئے
مری(آئی این پی )مری ڈیولپمنٹ پلان کے تحت مال روڈ پر ضلعی انتظامیہ کا آپریشن جاری ہے، جس کے دوران ہل سائیڈ پر قائم دکانیں اور ہوٹل خالی کرا دئیے گئے۔اسسٹنٹ کمشنر مری کے مطابق متاثرہ تاجروں کوہدایت کی گئی ہے کہ وہ منگل تک اپنا تمام سازوسامان نکال کر جگہ کا قبضہ چھوڑ دیں،مال روڈ آپریشن آئندہ پندرہ روز میں مکمل کر لیا جائے گا۔حکام کاکہنا ہے کہ حکومت پنجاب کے احکامات پر منصوبے کے لئے 20 کنال اراضی ایکوائرکی گئی ہے تاکہ مری ڈیولپمنٹ پلان پرعملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔دوسری جانب متاثرہ تاجروں نے آپریشن پرشدیدتحفظات کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے اب تک کسی قسم کا معاوضہ ادا نہیں کیاگیا،مال روڈ کے کئی تاجر دکانیں خالی کرتے ہوئے آبدیدہ بھی ہو گئے۔متاثرین کاکہنا ہیکہ حکومتی اقدام سے ان کا روزگار متاثر ہوا ہے، اس لیے انہیں مناسب معاوضہ فراہم کیاجائے تاکہ وہ اپنے کاروبار کو کسی دوسری جگہ منتقل کر سکیں۔