نوازشریف اور مریم مری پہنچ گئے‘مال روڈ کا دورہ‘سیاحوں سے مصافحہ‘سیلفیاں بنوائیں

سکیورٹی کے سخت انتظامات،لیگی کارکنوں نے استقبال کیا‘نعرے‘نوازشریف اور مریم نے ہاتھ ہلاکر شکریہ اداکیا‘نوازشریف گاڑی سے اتر کر کارکنوں سے ملے
مری(آئی این پی )وزیراعلی پنجاب مریم نواز اور نواز شریف نے مال روڈ مری کا دورہ کیا۔وزیر اعلی پنجاب کی آمد پر مال روڈ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے، سیاحوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے مال روڈ پر لیگی قیادت کا استقبال کیا۔لیگی کارکنوں نے مریم نواز کی آمد پر نعرے بازی کی، مریم نواز اور نواز شریف کا ہاتھ ہلا کر شکریہ بھی ادا کیا۔دورے کے دوران نواز شریف گاڑی سے اتر کر آئے، کارکنوں اور سیاحوں سے مصافحہ کیا اور اظہارِ تشکر بھی کیا، کارکنوں، سیاحوں اور بچوں نے وزیر اعلی کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔دورے میں جنید صفدر بھی وزیر اعلی پنجاب کے ہمراہ موجود تھے جبکہ نواز شریف اور مریم نواز گزشتہ دو روز سے مری میں قیام پذیر ہیں۔گورنمنٹ ہائوس مری میں اعلی سطحی کے  اجلاس میں مریم نواز اور نواز شریف کی زیر صدارت اہم مشاورت بھی کی گئی۔مری ڈیویلپمنٹ پلان سمیت دیگر ترقیاتی امور کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔