امید ہے تمام تر مشکلات کے باوجود جاری مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھیں گے جو عالمی امن کے لئے ناگزیر ہے
اسلام آباد (آئی این پی ) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امریکا ایران نے سمجھ لیا تنازعات کا واحد حل سفارت کاری ہے تاہم مذاکرات کا اگلا مرحلہ پہلے سے کہیں زیادہ مشکل ہوگا۔ اسحاق ڈار نے العربیہ ٹی وی کو دئیے گئے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کا اگلا مرحلہ پہلے سے کہیں زیادہ مشکل اور پیچیدہ ہوگا، تاہم دونوں ممالک نے یہ تسلیم کر لیا ہے کہ تمام تر تنازعات کا واحد حل صرف اور صرف سفارت کاری ہے۔نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے خطرات انتہائی تباہ کن تھے، جس نے عالمی معیشت پر انتہائی منفی اور گہرے اثرات مرتب کیے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت دونوں ممالک کے درمیان بیک ڈور ڈپلومیسی اور مذاکرات کو آگے بڑھانے کیلئے تین تکنیکی ٹیمیں سرگرم عمل ہیں اور اہم ترین معاملات پر تفصیلی بات چیت کر رہی ہیں ۔دونوں ممالک کے درمیان ایران کے یورینیم افزودگی کے ذخائر کو کم ترین سطح پر لانے کے لیے اہم اتفاق ہو گیا ہے، ایران کے عالمی بینکوں میں روک دیے گئے اثاثوں کی واپسی کے طریقہ کار پر غور جاری ہے جبکہ مشرقِ وسطی اور بالخصوص لبنان کی موجودہ کشیدہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے مشاورت کی جا رہی ہے۔