سہیل آفریدی لانگ مارچ اگلا مرحلہ آج شروع

 مارچ کی حیات آباد ٹول پلازہ سے دن 2بجے روانگی ، رات 9بجے چارسدہ روڈ پہنچے گا 
 پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک )پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کا اگلا مرحلہ آج پشاور کے حیات آباد ٹول پلازہ سے دن 2بجے شروع ہو گا اور یہ قافلہ بھانہ ماڑی چونگی، کوہاٹی چوک، جمیل چوک، پیرزکوڑی پل اور کبوتر چوک سے گزرتا ہوا رات 9 بجے چارسدہ روڈ پہنچے گا، اگلی صبح پھر چارسدہ روڈ سے دوبارہ شروع ہو کر ضلع چارسدہ میں داخل ہوگا۔اس حوالے سے وزیراعلیٰ پختونخوا سہیل آفریدی نیجاری اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ صوبے کے مستقبل کا فیصلہ عوامی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے، بند کمروں میں نہیں،پشاور کے عوام سے اپیل ہے وہ لانگ مارچ کے اگلے مرحلے میں بھرپور شرکت کر کے سابق وزیراعظم عمران خان کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کریں،عوام بڑی تعداد میں نکل کر یہ پیغام دیں کہ ’پشاور عمران خان کے ساتھ تھا، ساتھ ہے اور ساتھ رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ پختونخوا حکومت ایسی کسی پالیسی کو قبول نہیں کرے گی جس کے نتیجے میں پختونخوا میں دوبارہ بدامنی، دہشت گردی اور خونریزی کا راستہ ہموار ہو،صوبے کے مستقبل سے متعلق فیصلے بند کمروں میں نہیں بلکہ عوامی خواہشات اور امنگوں کے مطابق ہونے چاہئیں۔سہیل آفریدی نے کہا کہ پشاور صوبے کا دارالحکومت اور ’پھولوں کا شہر‘ ہے، جسے دوبارہ تشدد، گولیوں اور دھماکوں کی نذر نہیں ہونے دیا جائے گا۔ واضع رہے5روز قبل 4اکتوبر کو لکی مروت سے شروع ہونیوالا تحریک انصاف کا لانگ پختونخوا کے مختلف اضلاع سے گزرتے ہوئے اسلام آباد جانے کیلئے آگے بڑھ رہا ہے۔ادھر وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی میں گزشتہ روز وی آئی پی نقل و حرکت، تاجروں کے متوقع احتجاج اور کرکٹ ٹیم کی آمدورفت کے باعث بعض علاقوں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہیجبکہ میٹرو بس سروس کے چند اوقات میں محدود آپریشن کی بھی اطلاع دی گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ فی الوقت اسلام آباد اور راولپنڈی کے اندر تمام مرکزی سڑکیں اور موٹرویز کھلی ہیں اور کسی شاہراہ کی مکمل بندش کی اطلاع نہیں۔