اسد قیصر کو سنگجانی احتجاج کیس میں عبوری ضمانت مل گئی، وارنٹ گرفتاری منسوخ

اسد قیصر کو سنگجانی احتجاج کیس میں عبوری ضمانت مل گئی، وارنٹ گرفتاری منسوخ

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے، جبکہ انسداد دہشت گردی عدالت نے سنگجانی احتجاج کیس میں ان کی 7 نومبر تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پی ٹی آئی احتجاج کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ محمد اظہر ندیم نے کی۔ اسد قیصر اپنی وکیل عائشہ خالد کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، جس کے بعد عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے۔عدالت نے اسد قیصر کی گزشتہ عدم پیشی پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پی ٹی آئی احتجاج سے متعلق مقدمے کا ٹرائل زیر التوا ہے۔دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی کے سنگجانی احتجاج کیس میں اسد قیصر کی عبوری ضمانت 7 نومبر تک منظور کر لی۔ عدالت نے مقدمے میں ان کی گرفتاری سے روکتے ہوئے سرکار کو نوٹس جاری کیا اور کیس کا ریکارڈ طلب کر لیا۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے آئندہ سماعت کے لیے 7 نومبر کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے مزید کارروائی ملتوی کر دی۔