ایرانی فضائی دفاعی نظام نے امریکی ایف 16 طیارے کو بھاگنے پر مجبور کردیا، پاسداران انقلاب کا دعویٰ

ایرانی فضائی دفاعی نظام نے امریکی ایف 16 طیارے کو بھاگنے پر مجبور کردیا، پاسداران انقلاب کا دعویٰ

تہران: ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جدید فضائی دفاعی نظام نے خلیج میں جزیرہ ہنگام کے قریب ایک امریکی ایف 16 لڑاکا طیارے کو وارننگ فائر کرکے واپس جانے پر مجبور کردیا۔

الجزیرہ کے مطابق ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم نے پاسدارانِ انقلاب کے شعبۂ تعلقات عامہ کے حوالے سے بتایا کہ امریکی لڑاکا طیارہ جزیرہ ہنگام کے جنوب مشرقی ساحلی پانیوں میں ایرانی فضائی حدود کے قریب پہنچا تھا۔ایرانی بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ امریکی ایف 16 طیارہ ایسے بحری جہازوں کو فضائی تحفظ فراہم کر رہا تھا جو مبینہ طور پر سمندری آمدورفت کے ضوابط کی خلاف ورزی کررہے تھے۔پاسدارانِ انقلاب کے مطابق ایرانی فضائی دفاعی نظام کی جانب سے کارروائی کے بعد امریکی طیارے نے اچانک اپنا رخ تبدیل کیا اور علاقے سے واپس چلا گیا۔

ایرانی حکام نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کے ضوابط اور نگرانی کے نظام کو نظرانداز کرنے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ اگر خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رہا تو ذمہ دار عناصر اور ان کی حمایت کرنے والی فوجی قوتوں کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔پاسدارانِ انقلاب نے مزید کہا کہ ایران کی فضائی حدود اس کے لیے ناقابلِ سمجھوتہ سرخ لکیر ہیں اور امریکی طیاروں کی جانب سے خلاف ورزی کی بار بار کوششوں کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔