گرفتار ملزموں سے 86کروڑ63لاکھ روپے کی ریکوری ، 13کاریں، 2612موٹر سائیکلیں بر آمد
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہورپولیس سنگین جرائم میں ملوث گینگز کے خلاف سرگرم ِ عمل ہے۔ رواں سال اس ضمن میں 1459گینگزکے3225سے زائد ممبران کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزموں کے قبضہ سے 86کروڑ63لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری کی گئی ہے۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے13کاریں، 2612موٹر سائیکلیں،98دیگر وہیکلز،229تولے سونا،3390موبائل فونز اور42لیپ ٹاپس برآمد کئے گئے ہیں سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ جرائم کی وارداتوں میں ملوث گینگز کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برآمد شدہ اشیاء قانونی طریقہ کار کے تحت اصل مالکان کے حوالے کر دی جاتی ہیں۔سی سی پی او لاہور نے راہزنی، نقب زنی، ڈکیتی، جھپٹا اور نوسر بازی میں ملوث گینگز کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سنگین جرائم کے مقدمات کی موثر پیروی کی جائے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ منظم جرائم میں ملوث گروہوں کو پبلک پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے قرارواقعی سزائیں دلوائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اور قانون کی سربلندی کے لئے مسلسل سرگرم ہے