شہبازشریف بانی پی ٹی آئی کیخلاف ہرجانہ کیس میں ویڈیولنک سے پیش ہوئے
سیشن کورٹ لاہور کا انٹرنیٹ باربارخراب ہوتا رہا ،سماعت کل پیرتک ملتوی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سیشن کورٹ لاہور میں وزیراعظم شہبازشریف کی بانی پی ٹی آئی کے خلاف ہتک عزت کیس کی سماعت کے دوران انٹرنیٹ رکاوٹ بن گیا،انٹرنیٹ باربارخراب ہونے سے وزیراعظم کو انتظار کرنا پڑا، وزیراعظم نے کہا ایک ملک کا دورہ کرنا تھا لیکن اس کیس کی وجہ سے نہیں جاسکا۔سیشن کورٹ لاہور میں ایڈیشنل سیشن جج یلماز غنی نے وزیراعظم شہباز شریف کی بانی پی ٹی آئی کے خلاف دس ارب روپے ہرجانہ کیس کی سماعت کی،وزیراعظم ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران انٹرنیٹ بار بار خراب ہوتا رہا۔ ادائیگی کے بغیر میٹنگ ایپ استعمال کرنے کے باعث وزیراعظم کو نئی میٹنگ کیلئے مزید دس منٹ انتظار کرنا پڑا۔ وزیراعظم نے کہا ہم تکنیکی مسائل میں پھنسے ہوئے ہیں، ایک ملک کا دورہ کرنا تھا لیکن اس کیس کی وجہ سے نہیں جاسکا۔ شہبازشریف نے کہا جج صاحب، آپ کے سامنے کافی پیشیاں ہو چکی ہیں، مگر ابھی تک مہروں اور دستخطوں کے علاوہ کوئی بات نہیں ہوئی۔ شہباز شریف کے وکیل نے استدعا کی کہ ہم کچھ ثبوت جمع کروانا چاہتے ہیں، عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اس کیلئیآپ کو تحریری درخواست دینا ہو گی اس کے بعد اس پر بات ہو گی۔ عدالت نے سماعت کل پیر تک ملتوی کردی۔