مسکان کے پانچ سالہ بیٹے ارحان اور ایک سالہ بیٹی عنایہ کی لاشیں گھر سے مشتبہ حالت میں برآمد
نئی دہلی (آئی این پی )بھارتی ریاست اتر پردیش کے علاقے مظفر نگر کے گائوں رودکلی میں ایک 24 سالہ خاتون نے اپنے دوست کے ساتھ مل کر اپنے ہی دو بچوں کو قتل کر دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس سنجے کمار کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مسکان کے پانچ سالہ بیٹے ارحان اور ایک سالہ بیٹی عنایہ کی لاشیں ان کے گھر سے مشتبہ حالت میں برآمد ہوئیں۔تحقیقات کے دوران پولیس کو شواہد ملے کہ دونوں بچوں کی موت میں ان کی ماں ملوث ہے۔گرفتاری کے بعد مسکان نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے بچوں کو زہر دیا تاکہ وہ مر جائیں اور وہ اپنے دوست کے ساتھ نئی زندگی شروع کر سکے۔ ایس ایس پی سنجے کمار کے مطابق مسکان نے تفتیش کے دوران اقرار کیا ہے کہ بچے ان کی نئی زندگی میں رکاوٹ تھے، اس لیے انہوں نے انہیں زہر دے کر مار ڈالا۔رپورٹ کے مطابق ملزمہ مسکان کا جنید کے ساتھ طویل عرصے سے تعلقات تھے۔ مسکان کا شوہر وسیم اس وقت چندی گڑھ میں ملازمت کر رہا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں مبینہ طور پر بچوں کو قتل کرنے کے بعد ہنی مون پر جانے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔