حالات تباہی کے دھانے پر پہنچ گئے ، حکومت اور ریاست کو کوئی پرواہ نہیں : فضل الرحمن

قانون نافذ کرنیوالے ادارے اپنی ناکامی کا اعلان کریں، ڈاکٹر صدیق اور ساتھی کا قتل افسوسناک ،حکومت قاتلوں کوکیفرکردارتک پہنچائے
 بلوچستان اور کے پی جنگل کا منظر پیش کررہا ہے ،ہمارے کارکنوں کو اسلام اور پاکستان سے وفاداری کی سزا دی جارہی ہے،سربراہ جے یوآئی
 اسلام آباد (ان لائن)جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بلوچستان میں جے یو آئی رہنماء ڈاکٹر صدیق کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر صدیق اور ان کے ساتھی کا قتل افسوسناک ہے ۔انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی ناکامی کا اعلان کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچائے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کریم مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر دے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور کے پی جنگل کا منظر پیش کررہا ہے جہاں قانون نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کارکنوں کو اسلام اور پاکستان سے وفاداری کی سزا دی جارہی ہے، جے یو آئی قیادت نے ہمیشہ امن کی بات کی ،لیکن ریاست شاید امن کے جذبے کا انتقام لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالات تباہی کے دھانے پر پہنچ گئے ہیں لیکن حکومت اور ریاست کو کوئی پرواہ نہیں ہے۔