وزیر اعظم معیشت کو ڈیفالٹ کے دھانے سے واپس لے آئے190 ملین پاؤنڈ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکا: عطا تارڑ

 ترقی صرف( ن) لیگ کے دور میں ہوئی،پی ٹی آئی اپنے دور میں پیسا کمانے میں لگی ہوئی تھی،وفاقی وزیراطلاعات کی پریس کانفرنس
 ملک پر ایک نحوست کا سایہ تھا، یہ سایہ پنگی گوگی اور کپتان کا تھا ملک دنیا کی بہترین معیشت بنے گا،اپنے حلقے میں کارکنوں سے خطاب
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکا ہے، ہم نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے ہاتھ کرپشن سے رنگے ہوئے ہیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے توشہ خانہ سے گھڑیاں چوری کیں، جب بھی ملک میں ترقی ہوئی وہ( ن) لیگ کے دور میں ہوئی ہے۔ عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں تھا، پی ٹی آئی اپنے دور میں صرف پیسا کمانے میں لگی ہوئی تھی۔ وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ہم آپ لوگوں کے نمائندے ہیں آپ کے مسائل حل کرنا ہمارا فرض ہے۔ سڑکوں کی تعمیر، صاف، پانی اور گیس کے مسائل حل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کم ہوگی پاکستان کی معیشت کا دنیا کی بہترین معیشت میں شمار ہوگا۔ عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ سٹاک مارکیٹ روز نئے ریکارڈ بنا رہی ہے، ملک میں کاروبار بحال ہو رہا ہے، ہمارا عوام سے وعدہ تھا کہ عوام کے درمیان رہیں گے۔قبل ازیں اپنے حلقے میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرعطاتارڑ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے معیشت پر توجہ دی، وہ ڈیفالٹ کے دھانے سے واپس لے آئے ہیں، پاکستانی معیشت دنیا کی بہترین معیشت بنے گی۔ پارٹی نے جو ہمیں وفا سکھائی ہے یہ نواز شریف کی وجہ سے ہے، ملک میں معیشت میں بہتری آرہی ہے شرع سود کم ہو رہی ہے، شہباز شریف ملک کو ترقی کی جانب لے کر جارہے ہیں، پاکستان کی معیشت ترقی کررہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس ملک پر ایک نحوست کا سایہ تھا، یہ سایہ پنگی گوگی اور کپتان کا تھا، لوٹ کے کھاگئے پاکستان، دنیا کے ممالک میں ہیڈ لائنز لگی، یہ کہتے ہیں دفاع ہم نہیں کریں گے، پورا ٹولا رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، ہم کہتے تھے ان کے ہاتھ کرپشن میں رنگے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میاں شہباز شریف نے معیشت پر توجہ دی، یہ توشہ خانہ سے چیزیں چوری کررہے تھے۔ ان کے دور میں کام نہ ہوا کیوں کہ یہ لوگ پیسے کمانے میں لگے ہوئے تھے، کیش اکٹھا کررہے تھے، ڈیلیں کررہے تھے، ہم نے وعدہ کیا تھا اس حلقے کو مثالی بنائیںگے، ہم بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کا مقدمہ لڑتے ہیں، ٹاؤن شپ کا علاقہ ایک مثالی علاقہ بنے گا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ہے تو سیاست اور سیاسی جماعتیں ہیں۔