مون سون بارشیں، صدر زرداری کا تمام اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم

مون سون بارشیں، صدر زرداری کا تمام اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کا حکم دے دیا۔

اپنے بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم ایز) اور مقامی انتظامیہ مکمل رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارشوں اور آبی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے نشیبی علاقوں میں ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر پیشگی انتظامات مکمل کرنے کا حکم دیا۔صدر مملکت نے کہا کہ حساس علاقوں میں ریسکیو وسائل، امدادی سامان اور متعلقہ عملے کو پہلے سے تعینات کیا جائے تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری کارروائی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے سیاحوں اور مقامی آبادی کے تحفظ کے لیے بھی فوری اقدامات کی ہدایت کی۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ موسمی انتباہات کو سنجیدگی سے لیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔صدر آصف علی زرداری نے حالیہ بارشوں کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ریسکیو اور ایمرجنسی اہلکاروں کی خدمات کو بھی سراہا۔