بارش میں موٹر سائیکل فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی، لاہور میں 2 نوجوان بھائی جان کی بازی ہار گئے

بارش میں موٹر سائیکل فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی، لاہور میں 2 نوجوان بھائی جان کی بازی ہار گئے

لاہور: صوبائی دارالحکومت میں بارش کے دوران پیش آنے والے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں دو سگے بھائی جاں بحق ہوگئے۔

حادثہ سینٹر پارک سے قصور جانے والی سڑک پر گیٹ نمبر 2 کے قریب اس وقت پیش آیا جب تیز بارش کے باعث موٹر سائیکل بے قابو ہو کر فٹ پاتھ سے جا ٹکرائی۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی شناخت حمزہ ولد عارف (18 سال) اور حسن ولد عارف (16 سال) کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں سگے بھائی لاہور سے قصور جا رہے تھے کہ راستے میں یہ المناک حادثہ پیش آ گیا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ٹریفک پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں، تاہم دونوں نوجوان موقع پر ہی دم توڑ چکے تھے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ بارش کے باعث سڑک پر پھسلن ہونے اور موٹر سائیکل کے بے قابو ہونے کے نتیجے میں پیش آیا۔

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی کہ بارش کے دوران موٹر سائیکل انتہائی احتیاط اور مناسب رفتار سے چلائیں۔انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ کا لازمی استعمال کریں، پھسلن والی سڑکوں پر غیر ضروری تیز رفتاری اور خطرناک اوور ٹیکنگ سے گریز کریں تاکہ قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔لاہور ٹریفک پولیس نے بھی شہریوں کو خراب موسمی حالات میں محتاط ڈرائیونگ اختیار کرنے اور ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ایسے افسوسناک حادثات سے بچا جا سکے۔