فیصل آباد: نہروں میں نہانے سے ہلاکتوں میں خطرناک اضافہ، 5 ماہ میں 19 نوجوان جان کی بازی ہار گئے

فیصل آباد: نہروں میں نہانے سے ہلاکتوں میں خطرناک اضافہ، 5 ماہ میں 19 نوجوان جان کی بازی ہار گئے

فیصل آباد میں گرمی کے موسم میں نہروں میں نہانے کا رجحان خطرناک حد تک جان لیوا بنتا جا رہا ہے، جہاں رواں سال کے صرف پانچ مہینوں میں 19 نوجوان جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

ریسکیو 1122 کی رپورٹ کے مطابق رواں سیزن میں نہروں میں ڈوبنے کے 32 واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں سے 19 افراد جانبر نہ ہو سکے۔ اگرچہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دفعہ 144 نافذ ہے اور نہروں میں نہانے پر پابندی عائد کی گئی ہے، تاہم شہریوں کی جانب سے اس قانون کی مسلسل خلاف ورزی جاری ہے۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ نہروں میں پانی کے بہاؤ کی شدت، گہرائی اور حفاظتی اقدامات کی کمی نوجوانوں کی ہلاکت کا سبب بن رہی ہے۔

 متعدد واقعات میں نوعمر لڑکے غیر تربیت یافتہ ہونے کے باوجود نہروں میں کود پڑتے ہیں جس کا انجام اکثر المیہ ثابت ہوتا ہے۔ریسکیو حکام اور ضلعی انتظامیہ نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو نہروں میں نہانے سے روکیں اور اپنی نگرانی سخت کریں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع سے بچا جا سکے۔عوامی آگاہی کے لیے مہم چلانے کی سفارش بھی کی گئی ہے تاکہ شہریوں کو خطرات سے متعلق شعور دیا جا سکے اور اس خطرناک تفریحی رویے کو روکا جا سکے۔