تھلاپتی وجے کی آخری فلم ’جانا نائگن‘ نے ریلیز سے پہلے ہی 50 کروڑ روپے کی ایڈوانس بکنگ کر لی

تھلاپتی وجے کی آخری فلم ’جانا نائگن‘ نے ریلیز سے پہلے ہی 50 کروڑ روپے کی ایڈوانس بکنگ کر لی

 جنوبی بھارتی سپر اسٹار تھلاپتی وجے کی بطور اداکار آخری فلم ’جانا نائگن‘ نے ریلیز سے قبل ہی باکس آفس پر زبردست آغاز کرتے ہوئے افتتاحی ویک اینڈ کے لیے تقریباً 50 کروڑ روپے کی ایڈوانس بکنگ حاصل کر لی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم نے پہلے ہی روز ایڈوانس بکنگ کی مد میں تقریباً 30 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔ ان میں تمل ناڈو سے 18 سے 19 کروڑ روپے جبکہ کرناٹک سے 7 سے 8 کروڑ روپے کی ٹکٹوں کی فروخت ریکارڈ کی گئی، جو فلم کے لیے شائقین کی غیرمعمولی دلچسپی کو ظاہر کرتی ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ چند ماہ قبل فلم آن لائن لیک ہونے کے باعث ایچ ڈی پرنٹس کی صورت میں پائریسی کا بھی شکار ہوئی، تاہم اس کے باوجود مداحوں کی بڑی تعداد نے سینما گھروں میں فلم دیکھنے کے لیے ٹکٹیں خریدیں۔ فلمی تجزیہ کار اس رجحان کو تھلاپتی وجے کی بے مثال مقبولیت اور ان کے مداحوں کی وفاداری کا ثبوت قرار دے رہے ہیں۔

ایچ ونوت کی ہدایت کاری میں بننے والی اس سیاسی ایکشن فلم میں پوجا ہیگڑے، بوبی دیول، مامیتھا بائیجو، پرکاش راج، گوتم واسودیف مینن، نارائن اور پریامانی سمیت کئی معروف فنکار اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔یہ فلم اس لیے بھی غیرمعمولی اہمیت رکھتی ہے کیونکہ تھلاپتی وجے نے سیاست میں باقاعدہ قدم رکھنے کے اعلان کے بعد اسے بطور اداکار اپنی آخری فلم قرار دیا ہے۔ اسی وجہ سے مداحوں میں فلم کے حوالے سے غیرمعمولی جوش و خروش پایا جا رہا ہے، جبکہ باکس آفس ماہرین کو امید ہے کہ ’جانا نائگن‘ ریلیز کے بعد کئی نئے ریکارڈ قائم کر سکتی ہے۔