مانگا منڈی : دو فیکٹری کوسٹرز میں تصادم 21 زخمی،ڈرائیورز کے لائسنس معطل

لاہور(کرائم رپورٹر)مانگا منڈی کے علاقے چھجو چوک کے قریب دو فیکٹری کوسٹرز میں تصادم، 21 افراد زخمی ہو گئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا دوسری جانب سی ٹی او لاہور دونوں ڈرائیورز کے لائسنس معطل کرنے کا حکم دے دیا  تفصیلات کے مطابق چھجو چوک سے مانگا بائی پاس جانے والی سڑک پر دو فیکٹری کوسٹرز کے درمیان آمنے سامنے تصادم کے نتیجے میںمحمد عظیم۔محمد نوید۔ ثانی۔ محمد افضل۔ انصار۔ بابر ، شان ، عرفان۔ اشرف۔ ارم  لبنیٰ، وقاص ،شہباز،  علی، حسنین،  عرفان، عظمت ،یاسر ، جاوید ،عارف سمیت 21 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر انڈس ہسپتال رائیونڈ منتقل کر دیا گیا۔ خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ اوور اسپیڈنگ کے باعث گاڑیوں کا کنٹرول کھو جانے کے نتیجے میں پیش آیا۔ حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ایس پی صدر حضر زمان کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچنے کی ہدایت کی۔ ڈی ایس پی صدر فرخ شاہ نے موقع پر ریسکیو آپریشن، زخمیوں کی حالت اور ابتدائی تحقیقات سے متعلق ایس پی صدر کو تفصیلی بریفنگ دی۔سی ٹی او لاہور نے حادثے کی وجوہات کا مکمل تعین کرنے، ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرنے اور حادثے میں ملوث دونوں ڈرائیورز کے ڈرائیونگ لائسنس معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔ ان کی ہدایت پر ٹریفک پولیس کی ٹیمیں جائے حادثہ پر موجود رہیں اور ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں بھی تعاون کرتی رہیں۔ٹریفک پولیس نے شہریوں اور خصوصاً کمرشل ڈرائیورز سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ رفتار کی پابندی کریں، کیونکہ معمولی غفلت بھی بڑے حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔