حادثات :110 ڈرائیورز کے لائسنس معطل

معطل شدہ لائسنس کے باوجود گاڑی چلانے والے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج ہوگا:سی ٹی او لاہور 
لاہور(کرائم رپورٹر) سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر ٹریفک حادثات میں ملوث 110 ڈرائیورز کے ڈرائیونگ لائسنس معطل کردیئے گئے۔ سی ٹی او کے مطابق مہلک اور شدید حادثے کی صورت میں ذمہ دار ڈرائیور کا لائسنس فوری معطل کیا جائے گا۔ معطل شدہ لائسنس کے باوجود گاڑی چلانے والے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج ہوگا، جبکہ غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ پر لائسنس کم از کم ایک سال کے لیے معطل رہے گا۔ مہلک حادثات کے ذمہ دار ڈرائیوروں کو لائسنس معطلی کے ساتھ قانونی کارروائی کا بھی سامنا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ شہری ٹریفک قوانین کی پابندی کرکے حادثات کی روک تھام میں کردار ادا کریں۔