مشرق وسطی تنازع میں سعودی عرب کو گھسیٹنے کی کوششوں پر گہری تشویش ہے، سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری کی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں
تمام فریق بین الاقوامی قانون کا احترام کریں اور بین الاقوامی بحری جہاز رانی کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنائیں:ترجمان دفترخارجہ کا بیان
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان نے حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب اور بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز رانی کے خلاف مسلسل دی جانے والی دھمکیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات علاقائی سلامتی، جہاز رانی کی آزادی، قانون پر مبنی عالمی بحری نظام اور عالمی تجارت کے بلا تعطل بہا ئوکیلئے خطرہ ہیں،بحری مفادات کو نشانہ بنایا گیا تو دفاع کا حق استعمال کریں گے ۔بدھ کو دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں اور تجارتی جہاز رانی کو دھمکیاں دینا ناقابل قبول ہے اور یہ بین الاقوامی قانون کے مسلمہ اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔پاکستان نے بالخصوص ان اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے جن کے مطابق سعودی عرب کے ساتھ قانونی تجارتی سرگرمیوں میں مصروف جہازوں کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ پاکستانی پرچم بردار جہازوں یا پاکستان کے بحری مفادات کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحانہ کارروائی کو قومی سلامتی اور خودمختار مفادات کے لئے سنگین خطرہ تصور کیا جائے گا۔