بھارتی بحری جہاز اور اس پر تعینات ہیلی کاپٹر نے پاکستانی مشقوں کے علاقے میں داخل ہونے کی متعدد کوششیں کیں‘پاکستانی جہاز سے رگڑ لگی:ترجمان
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے بھارتی بحری جہاز آئی این ایس کولکتہ کی جانب سے پاکستانی خصوصی اقتصادی زون میںخلاف ورزی اور پاک بحریہ کی مشقوں کے علاقے میں داخل ہونے کی کوشش پر شدید احتجاج کیا ہے۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق پاک بحریہ یکم ستمبر سے پاکستانی خصوصی اقتصادی زون میں سی اسپارک 26 مشقیں کر رہی ہے، جبکہ 7 ستمبر سے بھارتی بحری جہاز اور اس پر تعینات ہیلی کاپٹر نے مشقوں کے علاقے میں داخل ہونے کی متعدد کوششیں کیں۔ بھارتی بحری جہاز نے پاک بحریہ کے جہازوں کے قریب خطرناک اور اشتعال انگیز انداز اختیار کیا اور متعدد انتباہات کے باوجود اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ 15 ستمبر کو آئی این ایس کولکتہ نے خطرناک انداز میں رخ تبدیل کیا، جس کے نتیجے میں اس کی پی این ایس حنین سے رگڑ ہوئی، پی این ایس حنین نے تصادم سے بچنے کی کوشش کی، جبکہ واقعے کے بعد بھارتی جہاز نے رفتار بڑھا کر علاقے سے روانگی اختیار کی۔پاکستانی دفتر خارجہ نے واقعے کو انتہائی اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی کارروائی سنگین بحران کا سبب بن سکتی تھی، پاکستان کے مطابق پاک بحریہ کے پیشہ ورانہ اور ذمہ دارانہ طرز عمل نے صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکا۔دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی مؤقف میں واقعے کی ذمہ داری پاکستانی بحری یونٹ پر عائد کی گئی ہے، یوں دونوں ممالک کے سرکاری مؤقف ایک دوسرے سے مختلف ہیں، کے اقدامات علاقائی امن کو متاثر کر سکتے ہیں۔