لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کی تمام منصوبہ بندی اور کرداروں کی تفصیلات سامنے آچکی ہیں، یہ کارروائیاں پاکستان کے خلاف بغاوت تھیں اور ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
عظمیٰ بخاری نے 9 مئی کے واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے مکمل منصوبہ بندی کے تحت کیے گئے، اور اس میں ملوث عناصر کو کسی ابہام کے بغیر کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی ناکام بغاوت کے مقدمات کے فیصلے اب دو سال بعد آنا شروع ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ شہداء کے مجسمے جلانے والے درحقیقت پاکستان کے دشمن ہیں، اور ان پر رحم کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بھی واضح ہو چکا ہے کہ حملوں کی پلاننگ کہاں کی گئی، کس نے کی، اور کون اس میں شامل تھا۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق ٹرائل کورٹس چار ماہ کے اندر 9 مئی کے مقدمات کے فیصلے سنانے کی پابند ہیں، اور اب ماسٹر مائنڈ اور اس کا کوچ احتساب سے نہیں بچ سکے گا۔