وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون، پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی اور جنوبی ایشیا و مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے ملاقات کے دوران برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم اور وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ رواں سال کے اختتام پر برطانوی قیادت سے ملاقات کے منتظر ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے برطانوی حکومت کی جانب سے پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی کے حالیہ فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف برطانوی پاکستانی کمیونٹی کو درپیش سفری مشکلات میں کمی آئے گی بلکہ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان روابط بھی مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے اس پیش رفت میں برطانوی ہائی کمشنر کے کردار کو بھی سراہا۔شہباز شریف نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان جاری تجارتی مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان سے دونوں ممالک کو باہمی فوائد حاصل ہوں گے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھی برطانیہ کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔
ملاقات کے دوران علاقائی معاملات، خصوصاً جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے لیے برطانیہ کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام حل طلب مسائل پر بامعنی مذاکرات کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔برطانوی ہائی کمشنر نے وزیراعظم کو اپنے حالیہ دورہ لندن سے آگاہ کیا، جس میں انہوں نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو فروغ دینے کے لیے کی جانے والی مشاورت کا ذکر کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کی قیادت اور وژن کے تحت حکومت کی معاشی پالیسیوں اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں پاکستان کے میکرو اکنامک اشاریے نمایاں طور پر بہتر ہوئے ہیں۔