ٹی ٹی پی کی آن لائن سرگرمیاں بند کی جائیں، طلال چوہدری کا واٹس ایپ سے مطالبہ

ٹی ٹی پی کی آن لائن سرگرمیاں بند کی جائیں، طلال چوہدری کا واٹس ایپ سے مطالبہ

اسلام آباد سے جاری بیان میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے عالمی میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے زیر استعمال نمبرز اور گروپس کو فوری طور پر بلاک کرے تاکہ دہشت گردی کے ڈیجیٹل نیٹ ورکس کو ختم کیا جا سکے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس" (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں طلال چوہدری نے کہا کہ واٹس ایپ اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو ایسے خودکار نظام متعارف کرانے چاہئیں جو دہشت گردی کے مواد کی نشاندہی اور اس کے فوری خاتمے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں امن و سلامتی کے لیے ٹی ٹی پی جیسی تنظیموں کی آن لائن موجودگی ایک سنگین خطرہ ہے۔طلال چوہدری نے متنبہ کیا کہ دہشت گرد گروہ سوشل میڈیا کا استعمال کر کے اپنے انتہا پسند نظریات اور نفرت پر مبنی بیانیہ پھیلا رہے ہیں۔ واٹس ایپ جیسے پلیٹ فارمز پر نفرت انگیز مواد اور تشدد کو فروغ دینے والے عناصر کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات نہایت ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن اسٹیٹ ہے اور اس نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہو اور دہشت گردوں کی ڈیجیٹل سرگرمیوں کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کی آن لائن سرگرمیاں ان کے اصل حملوں سے قبل کا خطرناک مرحلہ ہوتی ہیں۔ سوشل میڈیا پر ان کی موجودگی نہ صرف ان کی طاقت میں اضافہ کرتی ہے بلکہ امنِ عالم کے لیے بھی ایک شدید خطرہ بن جاتی ہے۔انہوں نے دنیا بھر کے اداروں سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کا ساتھ دیں اور نفرت، تشدد اور انتہا پسندی کے پھیلاؤ کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو ڈیجیٹل اسپیس دینا درحقیقت ان کے جرائم میں نادانستہ معاونت ہے، اور جب تک ان کی آن لائن موجودگی کا خاتمہ نہیں ہوتا، تب تک پائیدار عالمی امن ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی سیکیورٹی کامیابیوں اور تجربے کی بنیاد پر دنیا کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا، اور دہشت گردی کے خلاف ہر محاذ پر مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔