دنیا کے امیر ترین کاروباری شخص ایلون مسک نے ایک بار پھر واٹس ایپ کی سکیورٹی پر سوال اٹھایا ہے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ واٹس ایپ محفوظ نہیں ہے، اور یہاں تک کہ سگنل جیسی ایپس کی سکیورٹی بھی مشکوک ہو سکتی ہے۔
اپنی پوسٹ میں مسک نے صارفین کو ایکس چیٹ استعمال کرنے کا مشورہ دیا۔ یہ پوسٹ بلوم برگ کی ایک رپورٹ کے بعد سامنے آئی، جس میں امریکہ میں میٹا کے خلاف ایک نیا مقدمہ درج ہونے کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔مقدمے میں الزام لگایا گیا ہے کہ واٹس ایپ کے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے دعوے حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مختلف ممالک کے صارفین، جن میں آسٹریلیا، برازیل، میکسیکو اور جنوبی افریقہ کے افراد شامل ہیں، نے سان فرانسسکو کی امریکی ضلعی عدالت میں میٹا پلیٹ فارمز کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے۔
درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ میٹا اور واٹس ایپ صارفین کو یقین دلاتے رہے ہیں کہ ان کی چیٹس مکمل طور پر محفوظ اور نجی ہیں، لیکن حقیقت میں کمپنی مبینہ طور پر ان پیغامات کو محفوظ کرتی ہے، ان کا تجزیہ کرتی ہے اور ان تک رسائی بھی رکھتی ہے۔مقدمے میں یہ بھی الزام لگایا گیا ہے کہ واٹس ایپ صارفین کو یہ بتایا جاتا ہے کہ ان کے پیغامات صرف وہی افراد پڑھ سکتے ہیں جو اس چیٹ کا حصہ ہوں، لیکن یہ دعویٰ جھوٹ پر مبنی ہے، اور میٹا کے ملازمین صارفین کے پیغامات تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں، جو کمپنی کے عوامی بیانات کے بالکل برعکس ہے۔