لاہور: سگے بیٹے کا ماں پر چھریوں سے حملہ، ڈی آئی جی کا فوری ایکشن

لاہور: سگے بیٹے کا ماں پر چھریوں سے حملہ، ڈی آئی جی کا فوری ایکشن

لاہور میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک بدبخت بیٹے نے اپنی ہی ماں پر چھریوں سے حملہ کر دیا۔

متاثرہ بزرگ خاتون نے پولیس کی کھلی کچہری میں ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کو شکایت درج کرائی، جس پر انہوں نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سول لائنز کو ہدایت کی کہ متاثرہ خاتون کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔کھلی کچہری میں ایک اور دل دہلا دینے والا کیس سامنے آیا جہاں ایک بوڑھے والد نے شکایت کی کہ اس کا اپنا بیٹا نہ صرف اسے تشدد کا نشانہ بناتا ہے بلکہ جائیداد پر بھی قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او مناواں کو ہدایت دی کہ والدین تحفظ ایکٹ (Parents Protection Act) کے تحت فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ڈی آئی جی فیصل کامران نے کہا کہ دین اسلام والدین سے حسن سلوک کا حکم دیتا ہے، ایسے غیر انسانی اور غیر قانونی عمل برداشت نہیں کیے جائیں گے اور ملوث افراد کو جیل بھیجا جائے گا۔اس دوران کھلی کچہری میں خواتین نے بھی گھریلو تشدد سے متعلق شکایات پیش کیں جن پر فوری ایکشن لیا گیا۔ ڈی آئی جی نے پولیس افسران کو شہریوں کی شکایات پر فوری اور مؤثر کارروائی کے احکامات دیے تاکہ انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔