لاہور کے علاقے شاہدرہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں گھریلو جھگڑے کے دوران شوہر نے بیوی پر چھریوں کے وار کرکے شدید زخمی کر دیا۔
اطلاعات کے مطابق ملزم نے بیوی کا گلا کاٹنے کی بھی کوشش کی تاہم خاتون کو بروقت طبی امداد فراہم کر دی گئی۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر معاونِ خصوصی حنا پرویز بٹ نے متاثرہ خاتون کے گھر کا دورہ کیا اور واقعے کی تفصیلات حاصل کیں۔اس موقع پر حنا پرویز بٹ نے کہا کہ خواتین پر تشدد کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، ایسے حملے انتہائی وحشیانہ اور ناقابلِ قبول ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ ذاتی طور پر اس کیس کی نگرانی کر رہی ہیں تاکہ متاثرہ خاتون کو مکمل انصاف اور علاج کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔