پولیس اہلکار بھی شکار، آگاہی مہم میں مفت ہیلمٹ تقسیم کیے گئے
لاہور (کرائم رپورٹر) سی ٹی او لاہور کی جانب سے ہیلمٹ نہ پہننے والوں کو دیا گیا ٹائم مکمل ہو گیا۔ سخت کریک ڈاؤن کے بعد ہیلمٹ کی صورت میں ثمرات ملنے لگے، شہریوں نے ساتھ دیا۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق سی ٹی او لاہور کے حکم پر چار روز قبل شہر بھر میں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا گیا۔ ٹریفک پولیس نے چار روز میں 33986 شہریوں کو ہیلمٹ نہ پہننے پر چالان جاری کیے۔ سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق لاہور پولیس نے اس کریک ڈاؤن کا آغاز خود سے کیا اور اب تک 93 پولیس اہلکاروں کو بھی ہیلمٹ نہ پہننے پر چالان کیا گیا۔ سال رواں میں اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد شہریوں کو ہیلمٹ نہ پہننے پر جرمانے کیے جا چکے ہیں۔ چالان کرنے کا مقصد صرف تنبیہ کرنا ہے تاکہ شہریوں میں قانون کی پاسداری کا احساس ہو۔ جب تک شہر کا آخری موٹر سائیکل سوار بھی ہیلمٹ نہ پہن لے، ہمارا ایکشن جاری رہے گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے محفوظ پنجاب مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے سب موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ پہنائیں گے۔ ٹریفک پولیس لاہور آگاہی مہمات کے دوران پچھلے سات ماہ سے شہریوں میں مفت ہیلمٹ بھی تقسیم کر رہی ہے۔ کریک ڈاؤن کے چار روز بعد واضح تبدیلی دیکھی جا سکتی ہے، شہریوں کے مشکور ہیں کہ انہوں نے سمجھا اور ہیلمٹ پہنا۔