پابندی پر عملدرآمد کیلئے دی گئی 2 دن کی ڈیڈ لائن ختم ‘جنوری سے اب تک ہیلمٹ نہ پہننے پر ڈیڑھ لاکھ سے زائد چالان ہوئے
90 فیصد شہریوں نے ہیلمٹ پہننا شروع کردیا، 10 فیصد کو ہیلمٹ کا پابند بنانے کیلئے کارروائی جاری ہے:ٹریفک پولیس حکام
لاہور (کرائم رپورٹر )لاہور میں ہیلمٹ کی پابندی پر عملدرآمد کیلئے دی گئی 2 دن کی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی، 2 روز میں ہیلمٹ نہ پہننے والے 26 ہزار سے زائد شہریوں کا چالان کیا گیا۔ ٹریفک پولیس نے اہم شاہراہوں پر ناکہ بندی کردی، شہریوں کے چالان کا سلسلہ جاری ہے۔موٹر سائیکل سواروں کے ہیلمٹ کی پابندی پر عملدرآمد کیلئے چیف ٹریفک آفیسر کی طرف سے لاہور کے شہریوں کو دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی، مختلف علاقوں میں ناکے لگادئیے گئے۔ٹریفک پولیس نے ماڈل شاہراہوں پر کریک ڈائون شروع کردیا، حکام کا کہنا ہے کہ ہیلمٹ نہ پہننے پر 2 روز میں 26 ہزار شہریوں کے چالان کیے گئے، جنوری سے اب تک ہیلمٹ نہ پہننے پر ڈیڑھ لاکھ سے زائد چالان ہوئے۔حکام نے مزید بتایا 90 فیصد شہری ہیلمٹ پہننا شروع ہوچکے، 10 فیصد کو ہیلمٹ کا پابند بنانے کیلئے کارروائی جاری ہے۔