مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کی سربراہی میں 12 رکنی وفد چین روانہ

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کی سربراہی میں 12 رکنی وفد چین روانہ

پشاور: خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف کی قیادت میں 12 رکنی اعلیٰ سطحی وفد چین روانہ ہوگیا ہے۔

 وفد میں صوبائی وزیر برائے مذہبی امور عدنان قادری، وزیر سماجی بہبود قاسم علی شاہ، سکندر شیرپاؤ، ڈی جی اسلامک ریسرچ انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر ضیاء، ترجمان وفاق المدارس مولانا عبدالقدوس، نائب صدر دارالعلوم کراچی مولانا زبیر اشرف عثمانی سمیت دیگر اہم شخصیات شامل ہیں۔روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے بتایا کہ یہ دورہ چینی وزارت خارجہ کی دعوت پر انٹرنیشنل کونسل فار ریلیجس افیئرز (ICRA) کے مذہبی سفارتکاری پروگرام کے تحت کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دورے کا مقصد پاکستان، چین اور مسلم دنیا کے درمیان سماجی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔ وفد چینی علاقے سنکیانگ کے شہروں ارومچی، کاشغر اور بعد ازاں بیجنگ کا دورہ کرے گا۔دورے کے دوران وفد چینی وزارت خارجہ کے حکام، کمیونسٹ پارٹی کی قیادت، مسلم رہنماؤں، اور تعلیمی اداروں سے ملاقاتیں کرے گا۔ بیرسٹر سیف نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے پاکستان اور چین کے درمیان باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔