ویب ڈیسک: تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والی سابقہ مشیر اطلاعات پنجاب مسرت جمشید چیمہ نے اپنے گھر پر پولیس کے چھاپے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
مسرت جمشید چیمہ کا مؤقف
سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس" پر بیان دیتے ہوئے کہا:"رات پولیس نے ہمارے گھر پر ریڈ کیا جہاں انہوں نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا۔"انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں اگر کوئی طبقہ احتجاج کرے اور سرکاری املاک کا نقصان کرے تو ادارے حرکت میں آتے ہیں، لیکن یہاں تو احتجاج شروع ہونے سے پہلے ہی گھروں پر چھاپے مار دیے جاتے ہیں۔
حکومت پر تنقید
مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ:"پنجاب میں سانس لینا بھی جرم بنا دیا گیا ہے، جعلی وزیراعلیٰ خود کو ڈکٹیٹر سمجھ رہی ہیں۔"انہوں نے خبردار کیا کہ ایسی صورتحال انسانی حقوق، جمہوریت اور شہری آزادیوں کے لیے خطرناک ہے۔
ملک کی صورتحال پر تشویش
سابق مشیر اطلاعات نے کہا کہ ملک پیچھے کی طرف جا رہا ہے اور نوجوان طبقہ مایوس ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ باشعور طبقہ ملک چھوڑنے پر مجبور ہے، ریاست کو ہوش کے ناخن لینے کی ضرورت ہے۔