سلمان علی آغا کی بیٹنگ لائن کی ناکامی پر شدید مایوسی

سلمان علی آغا کی بیٹنگ لائن کی ناکامی پر شدید مایوسی

ویب ڈیسک: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جاری سیریز کے دوسرے میچ میں شکست کے بعد پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے بیٹنگ لائن کی ناقص کارکردگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ 134 رنز کا ہدف بالکل قابلِ حصول تھا، لیکن بیٹنگ کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ ابتدائی 6 اوورز میں بیٹرز نے غیر ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا جس نے ٹیم کو شدید دباؤ میں ڈال دیا۔ انہوں نے کہا کہ محض 15 رنز پر 5 وکٹیں گرنے کے باوجود کھلاڑیوں نے جس طرح مقابلہ کیا، وہ ان کی لڑنے کی صلاحیت اور خود اعتمادی کو ظاہر کرتا ہے۔

کپتان نے احمد دانیال اور سلمان مرزا کی بولنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں نے شاندار کارکردگی دکھائی، جبکہ احمد دانیال نے بیٹنگ میں بھی ہمت کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کو تقریباً فتح دلوا دی تھی۔ فہیم اشرف کی بیٹنگ کو بھی انہوں نے "قابلِ تحسین" قرار دیا اور کہا کہ یہی جذبہ وہ آئندہ بھی دیکھنا چاہتے ہیں کہ حالات جیسے بھی ہوں، ہار نہ مانی جائے۔

لٹن داس کا ردعمل
دوسری جانب بنگلہ دیشی کپتان لٹن داس نے بھی میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی کارکردگی پر تبصرہ کیا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ پاور پلے میں بیٹنگ توقعات کے مطابق نہیں رہی، اور ابتدائی اوورز میں وکٹیں گرنے سے ٹیم دباؤ میں آئی۔ تاہم، مہدی حسن اور جاکر علی کی شراکت داری نے میچ کا رخ بدل دیا۔لٹن داس کے مطابق، ابتدائی 10 سے 12 اوورز میں بولرز نے شاندار گیند بازی کی، خاص طور پر نئی گیند کے ساتھ کھیلنا مشکل تھا، لیکن بعد میں گیند تھوڑی گیلی ہونے کے باعث بیٹنگ نسبتاً آسان ہو گئی۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ آخری اوورز میں منصوبہ بندی کے مطابق کھیل نہ ہونے اور فیلڈنگ میں غلطیوں کی وجہ سے میچ آخری لمحوں تک پہنچ گیا۔

افسوسناک حادثے کا ذکر
میچ کے بعد گفتگو کے دوران لٹن داس نے گذشتہ روز پیش آنے والے بنگلہ دیشی طیارہ حادثے کا ذکر بھی کیا اور کہا کہ یہ واقعہ پوری قوم کے لیے دل دہلا دینے والا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کی طرف سے یہ سیریز حادثے کے متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے نام ہے، اور وہ اس دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔