نیوزی لینڈ سیریز: صائم ایوب اور فخرزمان کی کمی محسوس ہوگی، کپتان سلمان علی آغا کا بیان

نیوزی لینڈ سیریز: صائم ایوب اور فخرزمان کی کمی محسوس ہوگی، کپتان سلمان علی آغا کا بیان

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کرائسٹ چرچ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ سے جیتنے کے لیے پُرعزم ہے اور اس سیریز میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے تیار ہے۔

 سلمان علی آغا نے کہا کہ ہمیں پتا ہے کہ ہمارے فینز اس وقت ہم سے ناراض ہیں اور ان کی ناراضگی بالکل بجا ہے، تاہم ٹیم جیتنے کے لیے بہت پرجوش ہے اور اس سیریز میں کامیابی حاصل کرنا ہمارا مقصد ہے۔کپتان نے کہا کہ ٹیم کی موجودہ حالت میں کچھ نوجوان کھلاڑی ہیں جن میں صلاحیت ہے اور وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو جتوانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فخر زمان اور صائم ایوب کی کمی محسوس ہوگی، لیکن خوش قسمتی سے نئے کھلاڑی ہیں جو اس خلا کو پر کر سکتے ہیں اور ٹیم کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ سلمان علی آغا نے کہا کہ دونوں کھلاڑی جلد صحتیاب ہو رہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ وہ آئندہ سیریز میں دستیاب ہوں گے۔کرائسٹ چرچ کی وکٹ کو بظاہر گرین قرار دیتے ہوئے، کپتان نے کہا کہ یہاں فاسٹ باؤلرز کے لیے مدد موجود ہے اور اسپنرز بھی اس وکٹ سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

 انہوں نے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کو اپنی ٹیم کے اہم باؤلرز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان دونوں کا اس سیریز میں کلیدی کردار ہوگا۔ سلمان علی آغا نے مزید کہا کہ کارکردگی میں اتار چڑھاؤ آنا کھیل کا حصہ ہے، لیکن ٹیم نے ایک نیا کمبی نیشن آزمانے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہماری نظر مستقبل پر ہے اور ہمارا گول ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے لیے مضبوط ٹیم تیار کرنا ہے۔ سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ وہ نیوزی لینڈ سیریز میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترنے کو تیار ہیں اور اس سیریز کے نتائج ان کے مستقبل کے مقاصد کے لیے اہم ہوں گے۔