سوات: استاد کے تشدد سے 14سال کا طالبعلم جاں بحق

فرحان کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کر دی،دو اساتذہ گرفتار
 سوات(آئی این پی)سوات کے علاقے خوازہ خیلہ میں استاد کے مبینہ تشدد سے 14سال کا طالبعلم جاں بحق ہو گیا۔استاد کے تشدد کے بعد فاران کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔فسوسناک واقعہ تحصیل خوازہ خیلہ کے گائوں چلیار میں پیش آیا۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے مدرسے کے 2اساتذہ کو حراست میں لے لیا۔پولیس اور عینی شاہدین کے مطابق 3اساتذہ محمد عمر، ان کے بیٹے احسان اللہ، اور عبداللہ نے مبینہ طور پر اسے دوسرے طلبہ کے سامنے مارنا شروع کیا، یہ مارپیٹ غیر حاضری کی سزا کے طور پر شروع ہوئی، اور جلد ہی بے رحمانہ تشدد میں تبدیل ہوگئی۔ایک ہم جماعت، جو شدید صدمے میں تھا، اس نے بتایا کہ فاران چند دن غیر حاضر رہا تھا اور ابھی واپس آیا تھا، اساتذہ نے اسے بہت زور سے مارنا شروع کر دیا، بعد میں اسے ایک کمرے میں لے جا کر مار پیٹ جاری رکھی، مجھے پانی لانے کے لیے بلایا گیا، اس نے تھوڑا سا پانی پیا، پھر اپنا سر میری گود میں رکھ دیااور خاموش ہو گیا۔