منشیات فروشوں کیلئے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں ‘نئی نسل کا مستقبل محفوظ بنائیں گےمریم نواز

وزیراعلیٰ مریم نواز کی پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ آمد،منشیات کے خاتمے کیلئے پنجاب کی پہلی کاؤنٹر نارکوٹکس فورس لانچ کر دی‘ افسروں اور جوانوں نے حلف  اٹھایا‘انعامات تقسیم
 پنجاب کا مستقبل محفوظ نظر آرہا ہے‘کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے جوان گلی، محلوں، ڈسٹرکٹ، شہر اور پورے صوبے سے منشیات کے زہر کو نکال باہر پھنکیں گے:وزیراعلیٰ کا خطاب

 لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی کمیشننگ تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے منشیات کے خاتمے کے لئے پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس لانچ کر دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو سی این ایف نے جنرل سلامی پیش کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی موجودگی میں کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے افسروں اور جوانوں نے حلف اٹھایا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کاؤنٹر نارکوٹکس ٹریننگ میں بہترین پرفارمنس پر افسروں اور جوانوں میں انعامات تقسیم کئے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اے این ایف کے پرچم کو پنجاب کاونٹر نارکوٹکس فورس کے سپرد کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے جوانوں سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آلات، ٹیکنالوجی اور گاڑیوں کامعائنہ کیا اور پنجاب کاونٹر نارکوٹکس فورس کے قیام پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ  نے پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا  پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے جوانوں کو دیکھ کر بے حد مسرت ہوئی۔ کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی صورت میں پاکستان اورپنجاب کا مستقبل محفوظ نظر آرہا ہے۔ ڈی جی سی این ایف بریگیڈئرمظہرنے نہایت کم عرصے میں ایک بہترین سپیشلائزڈ فورس قائم کر کے دکھائی جس پر انہیں شاباش دیتی ہوں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ سی این ایف فور س کی باڈی لینگویج سے نظر آتا ہے کہ پنجاب سے منشیات کا جلد خاتمہ ہوجائے گا۔ پاکستان کی آبادی 65فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے جنہیں منشیات سے بچانا ہے۔ آبادی تب ہی ملک کی طاقت بنتی ہے جب منشیات سے دور ہوکر تعلیم اور صحت پر توجہ دے۔پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے قیام پر بہت خوش ہوں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ قلیل مدت میں مضبوط انسداد منشیات فورس کا قیام لائق تحسین ہے۔ اینٹی نارکوٹکس کے ذریعے جلد پورے پنجاب سے منشیات کا خاتمہ ہوگا۔ وزیراعلیٰ کا حلف اٹھایا تو والدین کی طرف سے درخواستیں آئیں کہ ہمارے بچوں کو منشیات سے بچایا جائے۔ المیہ ہے کہ منشیات ہر گلی، ہر محلے،ہر یوینورسٹیوں اور ہر سکول تک بھی پہنچ رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ منشیات کے کنٹرول کے لئے ایک سپیشلائزڈ فورس کا قیام نا گزیر تھا۔ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس میں بہترین لوگوں کو سو فیصد میرٹ پر سیلکٹ کیا گیا ہے۔ پنجاب کے تمام ڈویژن میں پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس فنکشنل ہو چکی ہے اوربہت جلد تمام اضلاع میں سی این ایف فنکشنل ہو جائے گی‘ پنجاب میں ہر مسئلے کے خاتمے کے لیے سپیشلائزڈ فورسز قائم کررہے ہیں۔پنجاب پولیس میں ایک سپیشلائزڈ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے چند ہفتوں میں کرائم پر کنٹرول کیا ہے۔ سی سی ڈی کی وجہ سے کرئمینل معافیاں مانگ رہے اور مساجد میں اعلانات کررہے ہیں۔سی سی ڈی کی بدولت پورے پنجاب میں کرائم کی شرح نیچے جارہی ہے۔ بعض اضلاع میں روزمرہ ہونے والے کرائم بہت کم ہوگئے ہیں۔ بڑی آبادی میں جرائم کو کنٹرول کرنے کیلئے سپیشلائزڈ ڈیپارٹمنٹ کی اشد ضرورت تھی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس گلی محلے اور شہروں کو منشیات پاک کریں گے۔