پنجاب میں ذہنی دباؤ کے شکار افراد کے لیے سیف سٹی کی “کونسلنگ سروس” کا آغاز

پنجاب میں ذہنی دباؤ کے شکار افراد کے لیے سیف سٹی کی “کونسلنگ سروس” کا آغاز

پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر سیف سٹی نے ذہنی دباؤ کے شکار افراد کے لیے کونسلنگ سروس کا آغاز کیا ہے تاکہ پریشانی، ذہنی دباؤ، ناامیدی یا خودکشی کے خیالات رکھنے والے شہری بروقت مدد حاصل کر سکیں۔

تفصیلات کے مطابق، پنجاب ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کرنے والے افراد کے لیے ایک مخصوص سہولت متعارف کرائی گئی ہے۔ متاثرہ شہری 15 ڈائل کر کے 7 دبائیں اور فوری طور پر ماہر اور سپیشلائزڈ سائیکالوجسٹ کے ساتھ کانفرنس کال کے ذریعے رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔ترجمان سیف سٹی نے بتایا کہ بروقت کونسلنگ کی بدولت سال 2025 میں موصول ہونے والی 2327 کالز میں سے 2269 افراد کو خودکشی سے بچایا گیا، یعنی کامیابی کی شرح 98 فیصد رہی۔ کالز میں مرد و خواتین کی تقسیم 56 فیصد مرد اور 44 فیصد خواتین رہی۔سب سے زیادہ کالز کی وجہ گھریلو تنازعات، شوہر اور بیوی کے درمیان ناچاقی، اور خاندانی مسائل تھی، جو 48 فیصد کالز میں رپورٹ ہوئی۔

سیف سٹی کا موقف ہے کہ کونسلنگ کے دوران کال کرنے والے شہری کی شناخت اور معلومات مکمل طور پر راز میں رکھی جاتی ہیں، تاکہ وہ بلا خوف اپنے مسائل بیان کر سکیں۔اہم بات یہ ہے کہ اس سہولت کے ذریعے شہری نہ صرف ذہنی دباؤ کا حل حاصل کر سکتے ہیں بلکہ بروقت مدد کی بدولت قیمتی انسانی جانیں بچائی جا رہی ہیں۔یہ پروگرام پنجاب میں ذہنی صحت کے مسائل کے حل اور خودکشی کی روک تھام کے لیے ایک انقلابی اقدام سمجھا جا رہا ہے۔