لاہور: عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ لاہور دنیا کے محفوظ ترین شہروں میں شامل ہو چکا ہے، یہ دعویٰ کسی حکومتی ادارے کا نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی اور غیر جانبدار ادارے کی رپورٹ پر مبنی ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عالمی رپورٹ میں تسلیم کیا گیا ہے کہ لاہور میں جرائم کی شرح میں واضح کمی آئی ہے، جو حکومت پنجاب کی امن و امان کی بہتر پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پولیس کو غیر سیاسی بنانے کے صرف دعوے کیے گئے، لیکن عملی اقدامات موجودہ حکومت نے کیے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے دیگر شہروں میں سیف سٹی منصوبہ جون تک مکمل کر لیا جائے گا، جبکہ کچے کے علاقوں میں پولیس کو جدید اسلحہ فراہم کر دیا گیا ہے تاکہ جرائم کا مؤثر طور پر خاتمہ کیا جا سکے۔عظمیٰ بخاری نے بھارت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سمجھوتہ ایکسپریس، پٹھان کوٹ اور پلوامہ حملوں کا الزام پاکستان پر لگا کر دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی، حالانکہ بھارت آج تک ان حملوں کے کوئی قابلِ اعتبار شواہد فراہم نہیں کر سکا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 7 لاکھ فوج کی موجودگی میں دہشت گردوں کا حملہ مودی حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہے، جو اس کے لیے "ڈوب مرنے" کا مقام ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے عالمی سطح پر بھارت کے تخریبی عزائم کے ناقابل تردید شواہد پیش کیے، اور ایک سابق بھارتی جنرل بھی اعتراف کر چکا ہے کہ ان واقعات کے پیچھے بھارت خود تھا۔