امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ نے 22 جنوری 2025 کو اپنی شادی کی 21 ویں سالگرہ منائی۔
اس موقع پر وائٹ ہاؤس کی جانب سے جوڑے کو مبارکباد دی گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ، جو اس وقت عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کے بعد ڈیووس، سوئٹزرلینڈ سے واشنگٹن ڈی سی واپس روانہ ہو رہے ہیں، نے سالگرہ کے موقع پر خاتونِ اول کے ساتھ عشائیہ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے 1998 میں نیویارک میں ماڈل میلانیا کناس سے ملاقات کی، اور دونوں کی شادی 22 جنوری 2005 کو فلوریڈا کے شہر پام بیچ میں واقع ایپسکوپل چرچ آف بیتھیسڈا بائے دی سی میں ہوئی، جس میں 350 مہمانوں نے شرکت کی۔ بعد ازاں مارا لاگو میں شاندار استقبالیہ بھی دیا گیا۔میلانیا ٹرمپ نے شادی کے موقع پر کرسچین ڈائر کا تقریباً ایک لاکھ ڈالر مالیت کا عروسی لباس زیب تن کیا، جس میں 13 فٹ طویل ٹرین اور 16 فٹ لمبا گھونگھٹ شامل تھا۔ اس لباس پر نفیس کڑھائی اور موتیوں کا کام کیا گیا، جسے بنانے میں 500 گھنٹے سے زائد وقت لگا۔
مارا لاگو کے بال روم کو تقریباً 10 ہزار پھولوں سے سجایا گیا، اور مہمانوں کو کیویار اور کرسٹل شیمپین پیش کی گئی۔ عشائیے میں نفیس پکوان اور سجاوٹ کریم و سنہری رنگوں کے امتزاج سے کی گئی۔میلانیا نے اپنی حالیہ بیسٹ سیلر یادداشت ’’میلانیا‘‘ میں شادی کے دن کے جذبات کا ذکر کیا، اور بتایا کہ وہ دن نہایت شاندار تھا لیکن ان کی توجہ صرف ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ محبت اور عزم کے جشن پر مرکوز تھی۔ڈونلڈ اور میلانیا کے ہاں ایک بیٹا بیرن ولیم ٹرمپ ہے، جو 20 مارچ 2006 کو پیدا ہوا۔ 19 سالہ بیرن اس وقت نیویارک یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کر رہا ہے۔ادھر میلانیا ٹرمپ اس ماہ کے آخر میں اپنی زندگی پر مبنی دستاویزی فلم ’’میلانیا‘‘ ریلیز کرنے جا رہی ہیں، جس میں ان کی زندگی کے اہم مراحل، صدارتی حلف برداری سے قبل کے 20 دن، ٹرمپ ٹاور، مارا لاگو اور وائٹ ہاؤس کے پس منظر کی جھلکیاں شامل ہوں گی۔