لاہور کے پارکس میں پتنگ بازی پر مکمل پابندی عائد

پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے ڈائریکٹرز کے خلاف محکمانہ کارروائی ہوگی
پی ایچ اے نے شہر کے تمام زونز میں پابندی پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دے دیا
لاہور(زیڈ این این) شہر لاہور میں پتنگ بازی کے باعث پیش آنے والے حادثات اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پارکوں، گرین بیلٹس اور سبزہ زاروں میں پتنگ بازی پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی(پی ایچ اے) لاہور نے اس حوالے سے شہر کے تمام زونز کے ڈائریکٹرز کو باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا ہے۔مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ پارکوں، گرین بیلٹس اور سبزہ زاروں  میں پتنگ بازی پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے اور احکامات کی خلاف ورزی ہرگز نہ ہونے دی جائے۔ پی ایچ اے کے مطابق پابندی کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ زون کے ڈائریکٹرز ذمہ دار ہوں گے۔مزید بتایا گیا کہ اگر احکامات پر مکمل عملدرآمد نہ ہوا تو ذمہ دار افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کی حفاظت، پارکوں اور گرین بیلٹس میں امن و امان قائم رکھنا اور حادثات کو روکنا ہے۔