آئی سی سی نے میچز کے مقام میں تبدیلی کی درخواست پر منصفانہ رویہ اختیار نہیں کیا:مشیر کھیل
معاملے میں مؤقف تبدیل کرنے کی کوئی گنجائش نہیں،مشیر امورِ نوجوانان و کھیل آصف نذرل کی کھلاڑیوں سے ملاقات کے بعد گفتگو
ڈھاکہ( آن لائن )بنگلہ دیش نے سیکیورٹی خدشات کے باعث آئندہ ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہ جانے کے فیصلے پر نظرثانی کو خارج از امکان قرار دے دیا ہے۔ مشیر امورِ نوجوانان و کھیل آصف نذرل نے کہا ہے کہ اس معاملے میں مؤقف تبدیل کرنے کی کوئی گنجائش نہیں، ورلڈ کپ کے میچز کھیلنے بھارت نہیں جائیں گے۔ڈھاکہ میں ایک ہوٹل میں قومی کرکٹرز سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف نذرل کا کہنا تھا کہ آئی سی سی نے بنگلہ دیش کی جانب سے میچز کے مقام میں تبدیلی کی درخواست پر منصفانہ رویہ اختیار نہیں کیا۔ ان کے مطابق سکیورٹی سے متعلق خدشات بدستور موجود ہیں اور عالمی گورننگ باڈی سے انصاف کی توقع برقرار ہے۔