دسویں کے طالبعلم کی خودکشی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں طالبہ نے نشہ آور گولیاں کھالیں نارووال میں نجی کالج کی طالبہ دوسری منزل سے کود گئی

ٹائون شپ میں طالبعلم شاہد نے خودکشی کی‘میڈیکل یونیورسٹی میں خودکشی کی کوشش کرنے والی طالبہ کو ہسپتال داخل کرادیاگیا
نارووال میں نجی کالج میں زیرِتعلیم طالبہ کی خودکشی کی کوشش، دوسری منزل سے چھلانگ لگانے سے زخمی‘لاہور کے ہسپتال داخل
لاہور‘نارووال(آئی ا ین پی)لاہور میں دسویں جماعت کے طالب علم نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی، پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کر دی ۔پولیس کیمطابق واقعہ تھانہ ٹائون شپ کی حدود میں پیش آیا ، دسویں جماعت کے طالب علم عثمان شاہد نے مبینہ طور گلے میں پھندا ڈال کر خود کشی کی ، فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش شروع کردی ہے   لاہور میں واقع کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں طالبہ نے مبینہ خودکشی کی کوشش کی۔ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے  متاثرہ طالبہ نے مبینہ طور پر نشہ آور گولیاں کھا کر خودکشی کرنے کی کوشش کی ۔ حالت غیر ہونے پر طالبہ کو میو ہسپتال لایا گیا جہاں وہ وینٹی لیٹر پر موجود ہے۔ہسپتال ذرائع کے مطابق طلبہ کا کمرہ ہاسٹل کے بیسمنٹ میں ہے تاہم طالبہ نے خودکشی کی کوشش کیوں کی اس حوالے مزید کوئی تفصیل تاحال سامنے نہیں آسکی۔دوسری جانب ترجمان کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی نے بتایا ہے کہ متاثرہ طالبہ کی حالت اب خطرے سے باہر ہے، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی طالبہ کو فوری طورپر ہسپتال منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی گئی، ڈاکٹرز کی ٹیم طالبہ کی مکمل دیکھ بھال کر رہی ہے، طالبہ کو طبی اور نفسیاتی مدد فراہم کی جا رہی ہے‘نارووال کے ایک نجی میڈیکل کالج میں زیرِتعلیم طالبہ نے خودکشی کی کوشش کی،کالج انتظامیہ کے مطابق بیس سالہ مہوش کمپیوٹر سائنس کے پانچویں سمسٹر کی طالبہ ہے۔طالبہ نے اچانک کالج کی دوسری منزل سے چھلانگ لگادی،جس کے بعد اسے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اینڈ ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا گیا۔ڈاکٹروں کے مطابق طالبہ کی حالت انتہائی تشویشناک ہونے کے باعث اسے جنرل اسپتال لاہور ریفرکردیا گیا ہے،کالج ڈائریکٹرکاکہنا ہے طالبہ کی خودکشی کی کوشش کاادارے یا تعلیمی معاملات سے کوئی تعلق نہیں۔