22 سالہ طالبہ فریحہ کالج کے ہاسٹل میں رہائش پذیر تھی،اچانک چھلانگ لگا دی، پولیس تحقیقات کا آغاز
لاہور (کرائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت کے علاقے میں واقع فاطمہ جناح میڈیکل کالج میں ایک طالبہ نے عمارت کی چھت سے مبینہ طور پر چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔پولیس کے مطابق واقعہ کالج کی تیسری منزل پر پیش آیا جہاں 22 سالہ طالبہ فریحہ نے اچانک چھلانگ لگا دی۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور متاثرہ طالبہ کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی ،پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ طالبہ میڈیکل کالج کے ہاسٹل میں رہائش پذیر تھی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی کالج انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے پولیس کے مطابق طالبہ کی جانب سے خودکشی کی کوشش کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے۔ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔